تشریح:
1۔ ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’موت کو لایا جائے گا اور اسے پل صراط پر کھڑا کیا جائے گا پھر اہل جنت کو آواز دی جائے گی وہ اس طرح ڈرتے ہوئے دیکھیں گے۔ کہ کہیں انھیں جنت سے نکال نہ دیا جائے۔ پھر اہل دوزخ کو آواز دی جائے گی۔ وہ بہت خوش ہوں گے اور خوشی سے اپنی گردنیں اٹھا کر دیکھیں گے کہ انھیں دوزخ سے نکالا جائے گا۔ پھر ان سب کو کہا جائے گا کیا تم اسے پہنچانتےہو؟ وہ سب کہیں گے ہم اسے جانتے ہیں۔ پھر اسے ذبح کردینے کا حکم دیا جائے گا تو اسے پل صراط پر ذبح کیا جائے گا۔ پھر دونوں گروہوں سے کہا جائے گا تم جہاں جہاں ہو اس میں ہمیشہ رہو گے۔ موت نہیں آئے گی۔‘‘ (سنن ابن ماجہ الزھد حدیث4327) ایک روایت میں ہے کہ اسے جنت اور دوزخ کے درمیان ایک دیوار پر ذبح کیا جائے گا۔ (جامع الترمذي، صفة الجنة، حدیث:2557)
2۔ مقصد یہ ہے کہ اہل جنت کی خوشی کو دوبالا اور اہل جہنم کی پریشانی کو زیادہ کرنے کے لیے موت کو ذبح کر دیا جائے گا چنانچہ حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی حدیث کے الفاظ یہ ہیں: ’’موت کو اس لیے ذبح کیا جائے گا تاکہ اہل جنت کی خوشی میں اضافہ ہو اور اہل جہنم کا افسوس اور دکھ مزید بڑھ جائے۔‘‘ (صحیح البخاري، الرقاق، حدیث:6548)
3۔ ان احادیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ کفار و مشرکین کے لیے جہنم میں ہمیشہ رہنا ہے انھیں موت نہیں آئے گی اور نہ ان کے لیے راحت و آرام ہی کی زندگی ہو گی جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’اور جو لوگ کافر ہیں ان کے لیے دوزخ کی آگ ہے نہ تو ان پر موت آئے گی کہ وہ مرجائیں اور نہ دوزخ کا عذاب ہی ان سے ہلکا کیا جائے گا۔‘‘ (فاطر:35۔36) واضح رہے کہ یہ اعلان اس وقت کیا جائے گا جب شفاعت کی وجہ سے نجات پانے والے جنت میں جا چکے ہوں گے اور جہنم میں صرف وہی باقی رہ جائیں گے جن کے لیے وہاں ہمیشہ رہنے کا فیصلہ ہو چکا ہو گا۔وہ وہاں سے بھاگ نکلنے کی کوشش بھی کریں گے لیکن اللہ تعالیٰ کے مقرر کیے ہوئے فرشتے انھیں وہاں سے نکلتے نہیں دیں گے اور انھیں جسمانی سزا اور ذہنی کو فت پہنچانے کے لیے نت نئے تجربےکریں گے۔ أعاذنا اللہ منه