تشریح:
1۔ ایک روایت میں ہے کہ حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا:سانپ کی رات حرا پہاڑی پر سورہ مرسلات نازل ہوئی۔ لوگوں نے پوچھا:سانپ کی رات سے کیا مراد ہے؟انھوں نے فرمایا:اس رات ایک سانپ نکل آیا تھا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:اسے مار ڈالو۔"لیکن وہ ایک بل میں گھس گیا۔آپ نے فرمایا:"اسے نظر انداز کردو۔"( فتح الباری:8/877۔)2۔اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ جب یہ واقعہ پیش آیاتو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس وقت حرا پہاڑی پر تھے حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ جس واقعے میں منیٰ کی صراحت ہے وہ صحیح ہے۔"( فتح الباری:8/876۔) حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے منیٰ میں احرام والے شخص کو سانپ مارنے کا حکم دیا تھا۔( صحیح مسلم السلام حدیث 5837۔(2235)) ممکن ہے کہ یہ وہی واقعہ ہو جس کا ذکر امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کی پیش کردہ احادیث میں ہے بہر حال امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ ان احادیث سے اس سورت کا محل نزول بتانا چاہتے ہیں۔ واللہ اعلم۔