تشریح:
کوثر، لغوی اعتبار سے کثرت سے ہے۔ اس سے مراد خیر کثیر ہے جیسا کہ آگے حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کیا ہے۔ اس میں ایسا عموم ہے جس میں دوسرے معانی بھی آجاتےہیں، جیسا کہ جنت میں نہر کوثر بھی اس خیر کثیر کا حصہ ہے، اسی طرح حدیث میں حوض کوثر کو بھی اس کامصداق بتایا گیا ہے۔ اہل ایمان جنت میں جانے سے پہلے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دست مبارک سے اس کا پانی پئیں گے۔ (صحیح البخاري، الرقاق، حدیث: 6579) اس حوض میں پانی اس جنت والی نہر سے آ رہا ہوگا۔ اسی طرح دنیا کی فتوحات، آپ کے مقام کی رفعت وبلندی اور آپ کا ذکر دوام بھی خیر کثیر میں آ جاتا ہے۔ واللہ اعلم۔