تشریح:
1۔ یہ روایت پہلی روایت کا تتمہ ہے جسے ایک دوسری سند سے بیان کیاگیا ہے۔ پہلی سند حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا تک حضرت عروہ کے واسطے سے پہنچتی ہے جبکہ اس روایت کی سند حضرت ابوسلمہ بن عبدالرحمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے واسطے سے حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ تک پہنچتی ہے۔ پہلی روایت میں ابن شہاب زہری رحمۃ اللہ علیہ نے بواسطہ عروہ بن عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بندش وحی تک کا واقعہ بیان کیاتھا اور اس روایت میں بواسطہ ابوسلمہ عن جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اس کانتیجہ ذکر کیاہے۔3۔امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کی عادت ہے کہ جہاں تفرد وخفا کی وجہ سے حدیث میں شک وشبہ یاتردد کا اندیشہ ہو وہاں الفاظ حدیث کی تائید میں مزید شواہد پیش کرتے ہیں۔ اسے محدثین کی اصطلاح میں متابعت کہا جاتاہے۔اس کی دو قسمیں ہیں:ایک متابعت نامہ اوردوسری متابعت ناقصہ یا قاصرہ۔جب راوی کسی دوسرے کی موافقت کرتے وقت اسی استاد سے بیان کرے جس سے پہلا راوی بیان کررہا ہے تو یہ متابعت تامہ ہوگی۔قور اگر دوران سند میں دادا استاد یا اس سے اوپر موافقت ہوتو وہ متابعت قاصرہ ہوگی۔یہاں بھی امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے متابعت بیان فرمائی ہے جس کی تفصیل یہ ہے کہ لیث بن سعد سے یحییٰ بن بکیر کے علاوہ عبداللہ بن یوسف اور ابوصالح عبداللہ بن صالح کا اس روایت کو بیان کرنا متابعت تامہ ہے اور ابن شہاب زہری رحمۃ اللہ علیہ سے عقیل کے علاوہ ہلال بن رداد کا اس روایت کی تخریج کرنا متابعت ناقصہ ہے۔پھر آپ نے یونس اور معمر کے حوالے سے الفاظ حدیث کے اختلاف کو بیان کیا ہے کہ ان دونوں نے ابن شہاب زہری رحمۃ اللہ علیہ سے فؤاده كے بجائے بوادره بيان كيا ہے۔بوادر،بادرہ کی جمع ہے۔اس سے مراد گردن اور کندھے کا درمیانی حصہ ہے جو شدت خوف کے وقت اسی طرح پھڑکنے لگتا ہے جیسے دل کانپتا ہے۔گویا دونوں روایتیں اصل معنی کے اعتبار سے برابر ہیں۔کیونکہ دونوں ہی گھبراہٹ پر دلالت کرتی ہیں۔3۔اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ پہلی وحی(يَا أَيُّهَا الْمُدَّثِّرُ۔۔۔۔۔) ہے جبکہ حدیث سابق سے پتہ چلتا ہے کہ پہلی وحی(اقْرَأْ بِاسْمِ۔۔۔۔۔)ہے۔دونوں ہی باتیں اپنی اپنی جگہ صحیح ہیں۔(يَا أَيُّهَا الْمُدَّثِّرُ۔۔۔۔۔)اس اعتبار سے پہلی وحی ہے کہ بندش وحی کے بعد دوبارہ وحی کے نزول کا آغاز سورہ مدثر سے ہوا،یعنی پہلی وحی(اقْرَأْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِي خَلَقَ)کے بعد وحی کا سلسلہ عارضی طور پر منقطع ہوگیاتھا۔4۔اس حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کمبل اوڑھانے کا مطالبہ کیا۔اس کی وجہ شاید آپ کی گھبراہٹ تھی جس کی وجہ سے آپ پر کپکپی طاری ہوئی اور آپ نے اہل خانہ سے کپڑا اوڑھادینے کی فرمائش کی کیونکہ بسا اوقات گھبراہٹ سے بھی کپڑا اوڑھا جاتا ہے۔ اور ایسا صرف پہلی بار ہوا۔بعد ازاں جب آپ پر وحی نازل ہوتی تو بوجھ پڑنے سے آپ کو سخت پسینہ آجاتا لیکن گھبراہٹ طاری نہیں ہوتی تھی اور نہ آپ کپڑا اوڑھانے ہی کا مطالبہ کرتے تھے۔ 5۔(حَمِيَّ الوَحيُ) کے لغوی معنی ہیں:"وحی گرم ہوگئی۔"جب کوئی چیز گرم ہوجائے تو کچھ دیر کے بعد ٹھنڈی ہوجاتی ہے۔تو(تَوَاتَرَا) کے لفظ سے یہ اشتباہ ختم ہوگیا،یعنی وحی کامعاملہ ٹھنڈا نہیں ہوا بلکہ پہلے سے زیادہ تسلسل کے ساتھ اس کا آغاز ہوگیا۔