تشریح:
1۔ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ اس حدیث کو نیت کی اہمیت اور اس کے مسائل و احکام بتانے کے لیے یہاں لائے ہیں۔ ان کے نزدیک ایمان بھی عمل کی ایک صورت ہے لہٰذا اس کے لیے بھی نیت کی ضرورت ہے بصورت دیگر اگر ایمان، تصدیق کے معنی میں ہو تو اس کے لیے نیت کی چنداں ضرورت نہیں کیونکہ یہ دل کا فعل ہے جیسے خشیت وانابت اور خوف ورجا کے لیے نیت نہیں ہوتی۔ یہ تو اللہ ہی کے لیے ہوتے ہیں نیت اس لیے ہوتی ہے کہ اعمال میں امتیاز ہو جائے۔ کہ یہ عمل اللہ کے لیے ہے۔ یا مراتب اعمال کی تمیز کے لیے نیت کام آتی ہے کہ یہ فرض ہے اور یہ مستحب ہے۔ یا نیت اس لیے ہوتی ہے کہ عبادت عادت سے ممتاز ہو جائے مثلاً ایک آدمی کسی طبیب کے کہنے سے صبح سے شام تک کھانا پینا بند کر دیتا ہے یہ روزہ نہیں ہو گا وغیرہ۔ (صحیح مسلم، الزکاة، حدیث: 2329 (1006))
2۔ نیت اور ارادے کے لحاظ سے احکام شریعت کی چار اقسام ہیں:
(1) عمل شریعت کے مطابق اور نیت بھی شریعت کے موافق ہو، مثلاً: نماز اللہ نے اس لیے فرض کی ہے کہ اس کے ادا کرنے سے اس کی رضا حاصل ہو، نماز پڑھتے وقت یہی مقصد نمازی کا ہونا چاہیے اگر نمازی اپنی نماز شریعت کے مطابق پڑھتا ہے اور نیت بھی اللہ کی رضا کا حصول ہے تو اس کی نماز صحیح اور باعث نجات ہے۔
(2) عمل شریعت کے مخالف اور نیت بھی شریعت کی خلاف ورزی کرنا ہو، مثلاً: چوری کرنا شریعت کی مخالفت ہے اور چوری کرتے وقت ارادہ بھی شریعت کی مخالفت کا ہے تو ایسے انسان کا عمل باطل اور قیامت کے دن باعث عتاب ہے۔
(3) عمل شریعت کے مطابق لیکن نیت شریعت کے مخالف ہو مثلاً: نماز صحیح پڑھتا ہے لیکن مقصد ریا کاری ہے شریعت کے مقصد کے خلاف ہے ارادے کے خراب ہونے سے عمل بھی خراب اور قیامت کے دن باعث سزا ہوگا۔
(4) عمل شریعت کے مخالف لیکن نیت نیک ہو، مثلاً جانور ذبح کرتے وقت (بسم الله والله أكبر) کی بجائے چاروں قل حصول ثواب کی خاطر پڑھ کر چھری پھیرتا ہے تو جانور حلال نہ ہو گا۔ کیونکہ نیت اگرچہ نیک ہے لیکن یہ عمل مشروع نہیں۔
3۔ نیت کے شرعی معنی یہ ہیں کہ اللہ کی رضا حاصل کرنے کےلیے کسی کام کا ارادہ کیا جائے۔ اس شرعی معنی کے اعتبار سے صرف عبادات ہیں جن میں نیت یعنی اخلاص کی ضرورت ہوتی ہے باقی چیزوں میں اخلاص کی ضرورت نہیں مثلاً کھانا پینا اور سونا وغیرہ یہ کام کرنے سے دنیاوی مقاصد حاصل ہوتے ہیں البتہ اخلاص اور حسن نیت سے ایسے کاموں کو عبادت میں شامل کیا جا سکتا ہے اور ان کی بجا آوری باعث ثواب ہو سکتی ہے۔