تشریح:
(1) امام نووی ؒ قبیلۂ عمرو بن عوف کی مدینے سے دوری اور نماز عصر کو دیر سے ادا کرنے کے متعلق فرماتے ہیں کے قبیلۂ عمرو بن عوف مدینہ طیبہ سے تقریباً دومیل کے فاصلے پرتھا۔ چونکہ وہ اپنے کاموں اور کھیتی باڑی میں مشغول رہتے تھے، اس لیے نماز عصر کو اوسط وقت میں پڑھا کرتے تھے۔ (فتح الباري:38/2)
(2) یہ حدیث بھی نماز عصر کے اول وقت، یعنی ایک مثل سائے میں پڑھ لینے پر دلالت کرتی ہے، جیسا کہ امام نووی ؒ اس حدیث کے تحت بیان کرتے ہیں کہ یہ حدیث احناف کے خلاف حجت ہے جن کا موقف ہے کہ جب تک کسی چیز کا سایہ دومثل نہ ہو جائے، نماز عصر کاوقت شروع نہیں ہوتا۔ علامہ عینی ؒ اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ہم اس بات کو تسلیم نہیں کرتے کہ تمام احناف کا یہ موقف ہے۔ صرف اسد بن عمرو، امام ابو حنیفہ ؒ سے یہ موقف بیان کرنے میں منفرد ہے۔ اس کے علاوہ حضرت حسن ان سے روایت کرتے ہیں کہ عصر کا وقت ایک مثل سایہ ہونے پر شروع ہو جاتا ہے۔ یہی قول ابو یوسف، محمد اور زفر کا ہے۔ امام طحاوی ؒ نے بھی اسی کو پسند کیا ہے۔ (عمدة الأحکام:44/4) لیکن عصر حاضر میں احناف کا عمل دومثل والے موقف پر ہی ہے۔