تشریح:
(1) آدمی کے چہرے پر داغ لگانا حرام ہے اور حیوانات کے چہرے کو داغنا بھی ناپسندیدہ عمل ہے، البتہ حیوانات کو چہرے کے علاوہ کسی دوسرے مقام پر داغ لگانا جائز ہے اگرچہ اہل کوفہ نے اس کا انکار کیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ایسا کرنے سے حیوانات کو تکلیف ہوتی ہے اور یہ مُثلہ کرنے کے مترادف ہے لیکن مذکورہ حدیث اس موقف کی تردید کرتی ہے۔
(2) مِربَد، اونٹوں کے باڑے کو کہتے ہیں۔ ممکن ہے کہ بکریوں کو اونٹوں کے باڑے میں لایا گیا ہو۔ ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فتح مکہ اور غزوۂ حنین سے واپسی کے بعد اونٹوں کو داغ رہے تھے۔ (صحیح مسلم، اللباس و الزینة، حدیث: 5554 (2119)) ممکن ہے کہ جب حضرت انس رضی اللہ عنہ آئے ہوں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم بکریوں کو داغ رہے ہوں، اس کے بعد انہوں نے اونٹوں کو داغ دیتے دیکھا ہو۔ بہرحال حیوانات کو چہرے کے علاوہ دوسرے مقام پر داغ دیا جا سکتا ہے جیسا کہ کانوں پر داغ دینے سے واضح ہوتا ہے۔ (فتح الباري: 830/9)
(3) اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بہت متواضع اور منکسر المزاج تھے۔ اپنے دست مبارک سے خود کام کرتے تھے۔ صلی اللہ علیه وسلم۔