تشریح:
(1) امام مالک رحمہ اللہ کا موقف ہے کہ امام کو چاہیے کہ وہ نمایاں طور پر عیدگاہ میں اپنی قربانی ذبح کرے تاکہ دوسرے لوگ اس کی اقتدا کریں۔ بعض حضرات نے اس حد تک مبالغہ کیا ہے کہ جو امام قربان گاہ میں ذبح نہیں کرتا وہ امامت یا اقتدا کے قابل نہیں ہے۔
(2) بہرحال امام بخاری رحمہ اللہ نے دو طرح سے اس حدیث کو بیان کیا ہے: ایک موقوف اور دوسری مرفوع۔ مرفوع حدیث پہلے بیان کردہ موقوف حدیث کی دلیل ہے۔
(3) حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ متبع سنت کی حیثیت سے اپنی قربانی وہاں ذبح کرتے تھے جہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قربانی ذبح کیا کرتے تھے۔ بہرحال مستحب یہی ہے کہ امام بالخصوص عیدگاہ میں قربانی کرے تاکہ دوسرے لوگوں کو ترغیب ہو۔
(4) عصر حاضر میں قربانی کے لیے مخصوص جگہ پر قربانی کرنا ہی بہتر ہے تاکہ ماحول صاف رہے۔