تشریح:
(1) احرام کی حالت میں سر منڈوانا جائز نہیں مگر تکلیف دہ حالت میں سر منڈوانا جائز ہے لیکن اس کا کفارہ دینا ہو گا جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ کو سر منڈوانے کی اجازت دی تو ساتھ ہی کفارہ دینے کا حکم بھی دیا جس کی تفصیل حدیث میں مذکور ہے۔
(2) حافظ ابن حجر رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ امام بخاری رحمہ اللہ نے یہ حدیث یہاں اس لیے بیان کی ہے کہ اگر محرم آدمی کو سینگی لگوانے کے لیے سر کے کچھ بال منڈوانے کی ضرورت ہو تو انہیں منڈوا دے۔ جب محرم کو سارا سر منڈوانے کی اجازت ہے تو کچھ حصے کی تو بالاولیٰ اجازت ہونی چاہیے، لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ کفارہ دے۔ (فتح الباري: 191/10)