تشریح:
نظر لگ جانا برحق ہے جیسا کہ آئندہ بیان ہو گا۔ اگر انسان کسی دوسرے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرے تو نیک خواہش کا مثبت اثر دوسرے پر ہوتا ہے، اسی طرح بری خواہش، یعنی حسد وغیرہ کے منفی اثرات بھی شدت سے دوسروں پر مرتب ہوتے ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے علاج کے لیے بہت سی دعائیں بتائی ہیں، ان میں سے ایک دعا حسب ذیل ہے: ﴿أعوذ بكلمات الله التامة، من كل شيطان و هامة و من كل عين لامة﴾ (صحیح البخاری، احادیث الانبیاء، حدیث: 3371) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ بھی حکم ہے کہ جب تم میں سے کوئی شخص اپنے (مسلمان) بھائی میں کوئی پسندیدہ خصلت دیکھے تو اس کے لیے برکت کی دعا کرے۔ (سنن ابن ماجہ، الطب، حدیث: 3509)