تشریح:
(1) عربوں کے ہاں قمیص پہننے کا بھی رواج تھا، اسی لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے محرم کے متعلق فرمایا کہ وہ قمیص نہ پہنے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو چادر سے قمیص زیادہ پسند تھی، چنانچہ حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو قمیص سے بڑھ کر اور کوئی کپڑا زیادہ پسند نہ تھا۔ (سنن أبي داود، اللباس، حدیث: 4026) حضرت اسماء بنت یزید رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی آستین آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی کلائی تک ہوا کرتی تھی۔ (جامع الترمذي، اللباس، حدیث: 1765)
(2) قمیص کے زیادہ پسند ہونے کی وجہ یہ معلوم ہوتی ہے کہ اس میں پردہ زیادہ ہوتا ہے اور چادر کی طرح اسے لپیٹنے اور سنبھالنے کا اہتمام بھی نہیں کرنا پڑتا۔ واللہ أعلم