تشریح:
(1) حضرت امیر معاویہ ؓ رسول اللہ ﷺ سے عصر کے بعد دورکعت پڑھنے کی نفی کررہے ہیں، جبکہ حضرت عائشہ ؓ کا بیان ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے عصر کے بعد دورکعت کو کبھی ترک نہیں فرمایا۔ (صحیح البخاري، مواقیت الصلاة، حدیث:591) چونکہ حضرت عائشہ ؓ ایک چیز کو ثابت کررہی ہیں، اس لیے اسے ترجیح ہو گی، کیونکہ اصول فقہ کے اعتبار سے ایک چیز کا اثبات اس کی نفی پر مقدم ہوتا ہے۔ ممکن ہے حضرت معاویہ ؓ عصر کے بعد دورکعت کی ادائیگی پر مطلع نہ ہوسکے ہوں، کیونکہ رسول اللہ ﷺ انھیں اپنے گھر میں ادا کرتے تھے۔ جیسا کہ حضرت عائشہ ؓ کا بیان ہے کہ رسول اللہ ﷺ انھیں مسجد میں ادا نہیں کرتے تھے۔ (صحیح البخاري، مواقیت الصلاة، حدیث:590) واضح رہے کہ رسول اللہ ﷺ نے عصر کے بعد ہر قسم کی نماز پڑھنے سے منع فرمایا ہے۔ (2) یہ حکم امتناعی آپ کے مذکورہ عمل کے متعارض نہیں، کیونکہ آپ کا حکم امتناعی، غیر سببی نماز سے متعلق ہے اور آپ کا دورکعت پڑھنے کا عمل ایک سبب کے پیش نظرتھا کہ آپ وفد عبدالقیس کی آمد کی بنا پر ظہر کےبعد دورکعت نہ پڑھ سکے تھے، وہ رکعات آپ نے عصر کے بعد ادا فرمائیں اور آپ کا یہ خاصہ تھا کہ جس کام کو ایک مرتبہ شروع کرلیتے، پھر اس پر مداومت فرماتے۔ (فتح الباري: 82/2)