تشریح:
(1) امام بخاری ؒ اس عنوان کے تحت حدیث ابو ہریرہ ؓ لا کر غالباً یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ حکم امتناعی کے اعتبار سے تحری اور عدم تحری میں کوئی فرق نہیں۔ چونکہ حدیث میں لفظ تحری آگیا تھا، اس لیے اس پرعنوان قائم کردیا، لہٰذا جن احادیث میں تحری کے الفاظ ہیں ان سے یہ نہ سمجھ لیا جائے کہ اگر ممنوع اوقات کا قصد کرکے نماز پڑھی جائے تو مکروہ، بصورت دیگر جائز ہے۔ بہر حال امام بخاری ؒ کے نزدیک اوقات مکروہ میں مطلق طور پر نماز پڑھنا مکروہ ہے، خواہ تحری ہو یا نہ ہو۔ چونکہ حضرت قیس بن عمرو ؓ سے وہ حدیث جس میں ہے کہ انھوں نے فجر کی سنتیں نماز فجر کے بعد پڑھی تھیں۔ (سنن أبي داود، التطوع، حدیث:1267) حضرت امام بخاری ؒ کی شرط کے مطابق نہ تھی اور خود رسوال اللہ ﷺ سے بھی نماز فجر کے بعد کسی قسم کی نماز پڑھنا منقول نہیں ہے، اس لیے نماز فجر کے بعد نوافل پڑھنے کے جواز کو مرجوح خیال کرتے ہیں اور عصر کے بعد دورکعت پڑھنا ان کی شرط کے مطابق ہے، اس لیے ان کے متعلق وہ نرم گوشہ رکھتے ہیں لیکن دوٹوک فیصلہ اس لیے نہیں کرتے کہ حضرت عمر ؓ سے عصر کے بعد دو رکعت پڑھنے والوں پر تشدد کرنا بھی ثابت ہے۔
(2) حدیث ابو ہریرہ ؓ سے یہ مطلب بھی لیا جاسکتا ہے کہ اس کے اطلاق کو تحری پر محمول کیا جائے، یعنی قصدا غروب آفتاب سے پہلے نوافل نہ پڑھے جائیں۔ والله أعلم.