تشریح:
(1) حضرت امامہ رضی اللہ عنہا نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی نواسی تھیں اور حضرت زینب رضی اللہ عنہا کے بطن سے پیدا ہوئی تھیں۔ حدیث میں جو واقعہ بیان ہوا ہے یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی کمال شفقت پر دلالت کرتا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم دوران نماز میں ایک معصوم بچی کو اپنے کندھوں پر اٹھاتے ہیں، رکوع کے وقت اسے اتار دیتے ہیں، جب کھڑے ہوتے ہیں تو پھر اسے اٹھا لیتے ہیں۔
(2) حافظ ابن حجر رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ حضرت امامہ رضی اللہ عنہا کو بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بہت محبت تھی۔ جب آپ رکوع کے وقت اسے اتارتے تو زیادہ دیر صبر نہ کسکتی، اس لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قیام کے وقت فوراً اسے اٹھا لیتے۔ اس سے بچوں کے ساتھ شفقت ومحبت کا پتا چلتا ہے کہ ایک طرف خشوع وخضوع میں مبالغہ اور دوسری طرف بچی کی دل جوئی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم بچی کی دل جوئی کو ترجیح دیتے ہیں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ آپ نے بیان جواز کے لیے ایسا کیا ہو۔ (فتح الباري:527/10) واللہ أعلم