تشریح:
(1) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کے ساتھ گزرے ہوئے ایام کی بہت پاسداری کرتے تھے بلکہ اس سے بھی صراحت کے ساتھ ایک حدیث ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک بوڑھی عورت آئی، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تم کیسی ہو اور تمھارا کیا حال ہے؟ تم ہمارے بعد کیسے رہے؟‘‘ اس نے کہا: اللہ کے رسول میرے ماں باپ آپ پر قربان ہوں! میں خیریت سے ہوں۔ جب وہ چلی گئی تو میں نے کہا: اللہ کے رسول! اس بوڑھی کے ساتھ آپ نے بڑی توجہ سے گفتگو فرمائی ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’یہ خدیجہ کے زمانے میں آیا کرتی تھی اور یہ ان کی سہیلی ہے۔ حسن عہد اور اچھا برتاؤ ایمان کا حصہ ہے۔‘‘ ( فتح الباري:536/10)
(2) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا سے گزشتہ عہد کی پاسداری کرتے ہوئے ان کی سہیلیوں سے بہت اچھا برتاؤ کرتے تھے۔