تشریح:
(1) معروف ایک ایسا جامع لفظ ہے جو ہر اللہ تعالیٰ کی اطاعت، تقریب الی اللہ اور لوگوں کے ساتھ نیکی اور احسان کرنے کو شامل ہے۔ دوسرے الفاظ میں ہر اچھا کام یا اچھی بات معروف ہے جس پر ثواب آخرت مرتب ہوتا ہو، چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے: ’’نیکی کے کسی بھی کام کو حقیر خیال نہ کرو، خواہ تم اپنے بھائی کو خندہ پیشانی سے ملو۔‘‘ (صحیح مسلم، البروالصلة، حدیث:6690(2626)) حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ایک روایت میں ہے: ’’اپنے ڈول سے کسی دوسرے کے برتن میں پانی ڈالنا بھی معروف نیکی ہے۔‘‘ (جامع الترمذي، البروالصلة، حدیث:1970)
(2) احادیث میں اچھے کاموں اور اچھی باتوں کو صدقے سے تعبیر کیا گیا ہے جیسا کہ آئندہ حدیث میں اس کی وضاحت ہے۔