تشریح:
(1) جب انسان سیر ہو کر کھاتا ہے تو زیادہ کھانے کی وجہ سے معدے میں گرانی آ جاتی ہے، اس سے جماہی آتی ہے، اس سے بدن میں سستی پیدا ہوتی ہے۔ حضرات انبیائے کرام علیہم السلام کو اس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے کیونکہ ان کی یہ حالت نہیں ہوتی۔
(2) بعض روایات میں نماز کا ذکر ہے کہ دوران نماز میں انگڑائی کو روکنا چاہیے کیونکہ نماز بندے کی بہترین حالت ہے، اس میں بندے کو خاص طور پر اسے روکنے کا اہتمام کرنا چاہیے بصورت دیگر ہر حال میں جماہی کو روکا جائے۔ (فتح الباري:750/10)
(3) ایک روایت میں ہے: ''جماہی لیتے وقت جانور کی طرح آواز نہ نکالے کیونکہ شیطان اس سے ہنستا ہے۔'' (سنن ابن ماجة، إقامة الصلوات، حدیث:968) شیطان کے ہنسنے کی دو وجہیں ہیں: ٭ جماہی آنے سے چہرہ بگڑتا ہے اور انسان ھَاھَا کی آواز نکالتا ہے، شیطان اس صورت میں انسان کا مذاق اڑاتا ہے کہ کائنات کے چودھری کی شکل و صورت کیسی ہے اور یہ کس طرح حیوانات کی آواز نکال رہا ہے۔ ٭ وہ خوشی سے ہنستا ہے کیونکہ جماہی سستی اور کاہلی کی علامت ہے جو شیطان کو پسند ہے، اس لیے کہ کاہلی کی وجہ سے انسان بہت سی نیکیوں سے محروم ہو جاتا ہے۔ واللہ أعلم