تشریح:
(1) اگرچہ اللہ تعالیٰ نےشیطان کو ایسی قدرت دی ہے کہ وہ ایسی جگہوں میں داخل ہو جاتا ہے جہاں انسان نہیں جا سکتا لیکن اللہ کے ذکر سے اس کی یہ طاقت ختم ہو جاتی ہے، چنانچہ حدیث میں ہے کہ اللہ کا نام لے کر دروازہ بند کرو بلاشبہ شیطان بند دروازے نہیں کھول سکتا۔ (صحیح مسلم، الأشربة، حدیث:5246(2012) ایک دوسری حدیث میں اس کی مزید وضاحت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’انسان جب اپنے گھر میں داخل ہوتے ہوئے اللہ کا نام لیتا ہے اور اپنے کھانے پر بھی اللہ کا نام لیتا ہے تو شیطان کہتا ہے: تمھارے لیے یہاں رات کا کوئی ٹھکانا ہے اور نہ رات کا کھانا ہے۔ اور جب انسان داخل ہوتے وقت اللہ کا ذکر نہ کرے تو شیطان کہتا ہے کہ تمھیں رات کا ٹھکانا مل گیا۔ اورجب کھانے پر اللہ کا نام نہ لے تو کہتا ہے:تمھیں رات کے ٹھکانے کے ساتھ ساتھ کھانا بھی مل گیا۔‘‘ (سنن أبي داود، الأطعمة، حدیث:3765)
(2) بہرحال شیطان کے حملے انتہائی مخفی، شدید اور مسلسل ہوتے ہیں، ان سے بچاؤ کا یقینی طریقہ اللہ تعالیٰ کا ذکر ہے۔ واللہ المستعان