تشریح:
مال و دولت کی بندگی یہ ہے کہ اس کی چاہت اور طلب میں بندہ ایسا گرفتار ہو کہ اللہ تعالیٰ کے احکام اور حلال و حرام کی حدود کا بھی پابند نہ رہے۔ جو لوگ درہم و دینار اور بہترین کپڑوں کے پجاری ہیں اور انہوں نے مال و دولت ہی کو اپنا معبود مطلوب بنا لیا ہے، اس حدیث میں ان سے بے زاری کا اعلان اور ان کے خلاف بددعا ہے کہ وہ اللہ کی رحمت اور اس کی خیر و برکت سے محروم اور دور رہیں۔ قرآن کریم میں منافقین کا وصف ان الفاظ میں بیان ہوا ہے: ''اگر انہیں دنیا میں کچھ دیا جائے تو خوش ہوتے ہیں اور اگر کچھ نہ دیا جائے تو ناراض ہو جاتے ہیں۔'' (التوبة: 58) ان لوگوں کو مال و دولت کے نشے نے اس طرح جکڑ رکھا ہے کہ وہ فکر آخرت سے آزاد اور انہیں صرف دنیا بنانے اور مال جمع کرنے کی فکر ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ دنیاوی مفادات سمیٹنے کے لیے مسلمان ہوئے ہیں۔ واللہ المستعان