تشریح:
(1) الفاظ حدیث (لو أن لابنِ آدمَ واديا مِن ذَهب) کو کچھ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم قرآن ہی میں سے خیال کرتے تھے لیکن جب سورۃ التکاثر نازل ہوئی تو راز کھلا کہ یہ قرآن کے الفاظ نہیں بلکہ یہ حدیث نبوی ہے جس کا مضمون سورۃ التکاثر میں ادا کیا گیا ہے کیونکہ آیت کریمہ کے معنی یہ ہیں: ’’تمہیں مال کی کثرت نے یاد الٰہی سے غافل کر دیا حتی کہ تم قبروں میں جا پہنچے۔‘‘ (التکاثر: 1/102، 2)
(2) حضرت ابو واقد لیثی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس حاضر ہوتے تھے، جب وحی نازل ہوتی تو آپ ہمیں بیان کرتے۔ ایک دن آپ نے کہا: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: ’’ہم نے مال اس لیے دیا ہے تاکہ تم نماز قائم کرو اور زکاۃ دو۔ اگر ابن آدم کے لیے ایک وادی ہو تو وہ دوسری وادی کی تلاش میں رہتا ہے۔‘‘ (مسند أحمد: 219/5)