تشریح:
(1) ایک روایت کے مطابق حضرت عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے دریافت کیا کہ ایمان کس طرح نکال لیا جاتا ہے تو انھوں نے اپنی انگلیوں کو انگلیوں میں ڈالا، پھر ان کو نکال کر دکھایا کہ اس طرح ایمان نکال لیا جاتا ہے اگر توبہ کر لے تو اس طرح لوٹ آتا ہے، پھر انھوں نے انگلیوں میں انگلیاں ڈال کر دکھائیں۔ (صحیح البخاري، الحدود، حدیث:6809) ایک دوسری حدیث میں ہے کہ جب انسان زنا کرتا ہے تو اس سے ایمان نکل کر چھتری کی طرح ہو جاتا ہے۔ اگر اس سے باز آجائے تو وہ اس میں لوٹ آتا ہے۔
(2) حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے ایمان نکل جانے کی وضاحت یوں بیان کی ہے کہ فراغت کے بعد مجرم کی یہ حالت نہیں رہتی بلکہ ایمان لوٹ آتا ہے۔ (المصنف لعبدالرزاق:416/7، حدیث:13685، وفتح الباري:72/12) یہ بھی احتمال ہے کہ کلی طور پر اس سے پرہیز کرنا اس کی واپسی کا باعث ہو۔ اگر گناہ کے بعد اسے اصرار ہے تو وہ گویا مرتکب کی طرح ہے، اس سے ایمان خارج ہی رہتا ہے جیسا کہ حضرت عکرمہ کے واسطے سے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما کی روایت اس کی وضاحت کرتی ہے، البتہ ایک روایت میں ہے کہ اگر وہ فارغ ہو جائے تو ایمان لوٹ آتاہے۔ (سنن أبي داود، السنة، حدیث:4690) واللہ أعلم