تشریح:
(1) اس حدیث میں اختصار ہے کیونکہ دوسری روایات میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت اُنیس رضی اللہ عنہ کو بھیجا اور فرمایا: ’’اگر وہ عورت اپنے جرم کا اقرار کرے تو اسے سنگسار کر دو، چنانچہ اس نےاقبال جرم کر لیا، پھر اسے رجم کر دیا گیا۔ (صحیح البخاري، الحدود، حدیث:6827، 6828) حضرت انیس رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی عدم موجودگی میں اسے سنگسار کیا۔
(2) امام بخاری رحمہ اللہ کا مقصد یہ ہے کہ امام کا خود سزا دینا یا سزا کے وقت اس کا موجود ہونا ضروری نہیں بلکہ اگر وہ کسی کو حکم دے اور وہ امام کی عدم موجودگی میں حد لگائے تو جائز ہے۔ واللہ أعلم