تشریح:
(1) اس حدیث میں دوسرے کی عورت پر زنا کی تہمت لگانے کا ذکر ہے اور اپنی عورت پر تہمت لگانے کا مسئلہ اس طرح ثابت ہوا کہ گفتگو کے وقت اس عورت کا خاوند بھی موجود تھا، اس نے اس واقعے کا انکار نہیں کیا، گویا وہ بھی اس تہمت میں شریک تھا۔
(2) بہرحال اگر کوئی خود اقرارِ جرم کرتا ہے تو فریق ثانی سے معلومات لینے میں کوئی حرج نہیں، چنانچہ حدیث میں ہے کہ ایک آدمی نے کسی عورت سے زنا کا اقرار کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے سو کوڑوں کی سزا دی، پھر جب عورت سے پوچھا تو اس نے کہا: یہ جھوٹ کہتا ہے۔ اس نے اعتراف جرم سے صاف انکار کر دیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس آدمی کو حد قذف کے طور پر اسی کوڑے مارنے کی سزا دی۔ (سنن أبي داود، الحدود، حدیث:4467) اسی طرح ایک عورت نے زنا کا اعتراف کیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دریافت کیا، کس نے تیرے ساتھ زنا کیا تھا؟ اس نے بتلایا کہ فلاں معذور نے جو حضرت سعد رضی اللہ عنہ کی حویلی میں رہتا ہے۔ آپ نے اس کی طرف ایک آدمی بھیجا اور اسے اٹھا کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لایا گیا۔ اس نے اقرار کر لیا تو آپ نے اس کے بڑھاپےاور معذوری پر ترس کھاتے ہوئے اسے کھجور کی سو شاخہ چھڑی سے سزا دی۔ (سنن النسائي، آداب القضاء، حدیث:5414)