تشریح:
وصال کے معنی ہیں: دوروزوں کو اس طرح ملانا کہ ان کے درمیان کچھ کھایا پیا نہ جائے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تنبیہ کے طور پر لوگوں کے ساتھ مذکورہ برتاؤ کیا۔ اس سے معلوم ہوا کہ بھوکا رکھنے سے بھی تنبیہ ہو سکتی ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کئی طرح سے تنبیہ فرمایا کرتے تھے جیسا کہ آپ نے حضرت ابو ذر رضی اللہ عنہ سے فرمایا: ’’بے شک تم ایسے آدمی ہو جس میں ابھی تک جاہلیت کی خصلت موجود ہے۔‘‘ (صحیح البخاري، الإیمان، حدیث:30) مسجد میں گم شدہ چیز کا اعلان کرنے والے کے متعلق فرمایا: ’’اللہ تجھے واپس نہ کرے۔‘‘ (صحیح مسلم، المساجد، حدیث:1260(568) مسجد میں تجارت کرنے والے کے متعلق حکم ہے کہ اسے کہا جائے: ’’اللہ تعالیٰ تیری تجارت کو نفع مند نہ کرے۔‘‘ (جامع الترمذي، البیوع، حدیث:1321) لیکن تنبیہ کے لیے طعن وتشنیع، گالی گلوچ اور فحش کلامی جائز نہیں۔