تشریح:
(1) دیت میں چھوٹی بڑی انگلیاں برابر ہیں۔ ہر انگلی کی دیت دس اونٹ ہیں، نیز ہاتھ اور پاؤں کی انگلیاں برابر ہیں، کسی کو دوسری پر برتری نہیں ہے۔
(2) حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے ہاں پہلے اس طرح دیت تھی کہ انگوٹھے میں پندرہ، شہادت والی اور درمیانی انگلی میں دس دس اس کے بعد والی میں نو اور چھنگلی چھ، اس طرح پورے ہاتھ کی انگلیوں میں پچاس اونٹ تھے، پھر جب انھوں نے عمرو بن حزم کے نام رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ایک مکتوب دیکھا جس میں ہر انگلی کی دیت دس اونٹ تھی انھوں نے اپنے پہلے موقف سے رجوع کر لیا۔ اسی طرح حضرت شریح کے پاس ایک آدمی آیا تو اس نے انگلیوں کی دیت کے متعلق سوال کیا۔ انھوں نے فرمایا کہ ہر انگلی میں دس، دس اونٹ ہیں۔ اس نے کہا: سبحان اللہ! انگوٹھا اور چھنگلی برابر ہیں؟ حضرت شریح نے فرمایا: تجھ پر مجھے بہت افسوس ہے! سنت کی موجودگی میں قیاس سے کام نہیں لینا چاہیے، اس کی پیری کریں بدعت کا راستہ اختیار نہ کریں۔ (فتح الباري: 281/12)