تشریح:
1۔ اگر یتیم بچی بدصورت اور مال ودولت کے اعتبار سے غریب ہوتی تو سرپرست حضرات کو اس سے کوئی دلچپسی نہ ہوتی۔ اور اگرمال دار خوبصورت ہوتی تو حیلہ سازی کرکے اس سے خود نکاح کر لیتے۔ ان کے متعلق حیلہ سازی یہ ہوتی تھی کہ انھیں معمولی حق مہر دیا جاتا۔ اللہ تعالیٰ نے اس دوہرے کردار کا اس آیت کریمہ میں نوٹس لیا ہے۔ ہاں، اگرحیلہ سازی سے بچتے ہوئے اسے پورا پورا حق مہر دیں اور عدل وانصاف سے کام لیں توایسی یتیم بچیوں سے نکاح کی اجازت ہے۔
2۔اہل ظاہر کا موقف ہے کہ اگر کوئی سرپرست اس طرح ظالمانہ طریقے سے نکاح کر لیتا ہے تو وہ صحیح نہیں ہوگا مگر جمہور اہل علم کا موقف ہے کہ نکاح صحیح ہے مگر سرپرست کے لیے ضروری ہے کہ وہ یتیم بچی کو مہرمثل ادا کرے۔ بہرحال اس قسم کی حیلہ سازی کی ممانعت ہے۔ اس سے ایک مسلمان کو ہرحال میں بچنا چاہیے۔ واللہ أعلم۔