تشریح:
1۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سونے کے کنگنوں کی تعبیر دو انتہائی جھوٹے کذابوں سے فرمائی ہے کیونکہ جھوٹ، خلاف واقعہ خبر دینا اور کلام کو غیر محل میں رکھنا ہے۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جب سونے کے کنگن اپنے ہاتھوں میں دیکھے جو اپنی جگہ میں نہ تھے کیونکہ یہ مردوں کا زیور نہیں بلکہ اسے عورتیں پہنچتی ہیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس نتیجے پر پہنچے کہ عنقریب دو ایسے کذاب ظاہر ہوں گے جن کا دعویٰ مبنی برحقیقت نہیں ہوگا، پھر جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو پھونک مارنے کی اجازت دی گئی اور وہ پھونک سے غائب ہو گئے تو اس سے بھی معلوم ہوا کہ انھیں استقرار نہیں ہوگا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یقین تھا کہ ان دونوں کا معاملہ محض باطل ہے، اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فوراً تعبیر کر دی۔ (فتح الباري: 526/12)
2۔اہل تعبیر نے لکھا ہے کہ جو شخص خواب میں خود کو اُڑتا ہوا دیکھے تو اگرسیدھا آسمان کی طرف اُڑے تو اسے کوئی نقصان پہنچے گا۔ اگرآسمان سے غائب ہو جائے اور واپس نہ آئے تو اسے جلد موت آ جائے گی، اگر لوٹ آئے تو بیماری سے افاقہ ہوگا، اگر عرض کے بل اُڑے تو سفر درپیش ہوگا، پھر اپنی اُڑان کی مقدار سے رفعت وبلندی حاصل ہوگی۔ (فتح الباري: 525/12)