تشریح:
1۔ ایک روایت میں اس کی مزید وضاحت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’میں خوب جانتا ہوں کہ دجال کے ساتھ کیا ہو گا؟ اس کے ساتھ وہ بہتی ہوئی نہریں ہوں گی۔ ایک تو دیکھنے میں سفید پانی معلوم ہوگی۔ اور دوسری بھڑکتی ہوئی آگ نظر آئے گی پھر جو کوئی موقع پائے وہ اس نہر میں چلا جائےجسے وہ آگ دیکھے گا۔ وہ اپنی آنکھ بند کرے اور سر جھکا کر اس سے پیے، وہ ٹھنڈا پانی ہو گا۔‘‘ (صحیح مسلم، الفتن، حدیث:7367(2934) مطلب یہ ہے کہ دجال ایک شعبدہ باز جادو گر ہو گا کہ پانی کو آگ اور آگ کو پانی کر کے لوگوں کو گمراہ کرے گا۔
2۔یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اسے ذلیل کرنے کے لیے اس کی شعبدہ بازی کو الٹا کر دے جن لوگوں کو وہ پانی دے گا۔ وہ ان کے لیے آگ بن جائے گی اور جن مسلمانوں کو مخالف خیال کر کے آگ میں ڈالے گا ان کے حق میں وہ آگ پانی بن جائے گی۔ واللہ أعلم۔