تشریح:
1۔فیصلے کرنے کے لیے مسجد میں بیٹھنا گھر میں بیٹھنے سے بہتر ہے کیونکہ گھر میں آنے جانے والوں کے لیے کئی قسم کی رکاوٹیں کھڑی ہو سکتی ہیں جبکہ مسجد کا معاملہ اس سے جدا گانہ ہے۔ وہاں ہر کوئی آجا سکتا ہے لیکن کچھ اہل علم کا موقف ہے کہ فیصلوں کے لیے مسجد سے باہر کسی جگہ کا انتخاب کیا جائے کیونکہ مسجد میں مشرک اور حائضہ عورت کا آنا درست نہیں جبکہ فیصلے کے لیے انھیں بھی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
2۔ہمارے رجحان کے مطابق مسجد کے احاطے میں ہی کوئی ایک کمرہ اس کے لیے تعمیر کیا جائے جہاں قاضی لوگوں کے درمیان فیصلے کرنے کے لیے بیٹھے تاکہ وہاں ہر قسم کے لوگوں کو آنے جانے کی سہولت ہو پھر اس میں تواضع اور انکسار کا پہلو بھی نمایاں ہے۔ واللہ أعلم۔