تشریح:
1۔یہ حدیث بھی اس امر کی دلیل ہے کہ حاکم کا فیصلہ ظاہری طور پر نافذ ہوگا لیکن وہ حرام کو حلال نہیں کرسکے گا اور نہ ممنوع چیز کو مباح ہی کرے گا کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی اُمت کو جھوٹی قسم اٹھا کر کسی دوسرے کا حق ہتھیانے سے منع فرمایا ہے اور اس پر سخت وعید سنائی ہے۔ قرآن کریم کی وعید تو اس معاملے میں بہت سنگین ہے کہ اللہ ایسے شخص سے گفتگو نہ کرے گا اور نہ اسے پاکیزہ ہی قرار دے گا بلکہ اسے سنگین عذاب دے گا۔ اگر قاضی کا فیصلہ باطن میں بھی نافذ ہوتا اور حرام کو حلال کر دیتا تو اسے اللہ تعالیٰ سے شرف کلام سے محروم نہ کیا جاتا۔
2۔بہرحال اس حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کنویں کے متعلق فیصلہ فرمایا۔ قاضی کو چاہیے کہ وہ اس طرح کے مقدمات کی بھی سماعت کرے اور ان کا فیصلہ کرے۔