تشریح:
1۔اس طرح کا ایک واقعہ حضرت ہلال بن امیہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ پیش آیا جب انھوں نے اپنی بیوی کو شریک بن سحماء سے متہم کیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت ہلال رضی اللہ تعالیٰ عنہ سےفرمایا: ’’گواہ لاؤ بصورت دیگر تمھاری پشت پر حد قذف لگے گی۔‘‘ آخر کار ان کے درمیان لعان ہوا۔ لعان کی تفصیل سورہ نور آیت 6 تا 9۔ میں بیان ہوئی ہے
2۔لعان کے بعد مرد طلاق دے یا نہ دے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہمیشہ کے لیے جدائی خود بخود عمل میں آ جاتی ہے۔ مرد اپنی بیوی سے حق مہر یا دیگر اخراجات کی واپسی کا مطالبہ نہیں کر سکتا۔ لعان کے بعد دوران عدت میں عورت کا نان ونفقہ یا رہائش وغیرہ مرد کے ذمے نہیں ہوتی۔ پیدا ہونے والا بچہ ماں کی طرف منسوب ہو گا اور وہی اس کا وارث ہو گا۔ چنانچہ اس قسم کے مسائل اور سوالات کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ناپسند فرمایا: اس لیے امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اسے بیان کیا ہے۔ واللہ أعلم۔