تشریح:
1۔ بعض روایات میں سورہ توبہ کی دو آیات کا ذکر ہے۔ وہ یہ ہیں۔ (لَقَدْ جَاءَكُمْ رَسُولٌ مِّنْ أَنفُسِكُمْ عَزِيزٌ عَلَيْهِ مَا عَنِتُّمْ حَرِيصٌ عَلَيْكُم بِالْمُؤْمِنِينَ رَءُوفٌ رَّحِيمٌ (128) فَإِن تَوَلَّوْا فَقُلْ حَسْبِيَ اللَّهُ لَا إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ ۖ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ ۖ وَهُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ)) (التوبة:128۔ صحیح البخاري، التفسیر، حدیث: 4679) یعنی اگر یہ لوگ آپ کی شخصیت حد درجہ شفقت اور خیر خواہی کی قدر نہیں کرتے تو انھیں نظرانداز کر دیں۔ ایسے حالات میں اللہ تعالیٰ آپ کا مدد گار ہے اسی پر بھروسا کریں جو کائنات کی ایک ایک چیز حتی کہ عرش عظیم کا بھی مالک ہے۔
2۔ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے آیت کے آخری حصے سے عنوان ثابت کیا ہے کہ اس میں عرش کی عظمت کا ذکر ہے اللہ تعالیٰ نے اپنے عرش کی متعدد صفات ذکر کی ہیں۔ اس مقام پر اس کی عظمت ووسعت کا بیان ہے۔ کہ وہ بہت وسیع و عریض ہے کائنات میں وہ سب سے بڑی مخلوق ہے جملہ مخلوقات کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔ دوسرے مقام فرمایا: اس کا عرش کریم ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے۔ (فَتَعَالَى اللَّهُ الْمَلِكُ الْحَقُّ ۖ لَا إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْكَرِيمِ) (المومنون:116) ’’اللہ تعالیٰ بلند شان والا ہے وہی حقیقی بادشاہ ہے اس کے سوا کوئی معبود بر حق نہیں۔ وہی عرش کریم کا مالک ہے۔‘‘
3۔قرآن کریم میں اس کی خوبصورتی اوراس کےحسن و جمال کا بیان ہے۔ کائنات میں سب سے زیادہ خوبصورت اللہ تعالیٰ کا عرش ہے۔ سورہ بروج کی آیت (ذُو الْعَرْشِ الْمَجِيدُ) کا معروف قرآءت کے مطابق ترجمہ یہ ہے۔ ’’عرش کا مالک اونچی شان والا ہے۔‘‘ جبکہ ایک دوسری قرآءت (ذُو الْعَرْشِ الْمَجِيدُ) بھی ہے اس قرآءت کے مطابق معنی یہ ہوئے کہ اللہ تعالیٰ کا عرش مجید ہے۔ (البروج:85۔15) یعنی وہ عرش بڑی شان و شوکت اور بزرگی والا ہے۔ ان ظاہری اور باطنی صفات کے باوجود وہ اللہ تعالیٰ کا محتاج ہے چونکہ وہ مخلوقات میں سے اللہ تعالیٰ کے زیادہ قریب بلکہ ذات باری تعالیٰ کا محل استواء ہے اس لیے اللہ تعالیٰ نے اسے اپنی طرف منسوب کیا ہے اگرچہ اللہ تعالیٰ کائنات کی ہر چیز کا رب ہے لیکن عرش کی عظمت ووسعت کے پیش نظر اس کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی خصوصی نسبت ہے۔ عرش کے مالک سے مراد پوری کائنات کا مالک ہے کیونکہ اس کا عرش پوری کائنات کو محیط ہے۔