تشریح:
1۔ایک دفعہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو حالات و ظروف کے مطابق اللہ تعالیٰ کی طرف سے احکام کی شدید ضرورت تھی۔ جب حضرت جبریل علیہ السلام کافی دیر بعد متعلقہ ہدایات لے کر آتے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت جبرئیل علیہ السلام سے کہا: تم ہمارے پاس جیسے آیا کرتے ہو اس سے زیادہ دفعہ کیوں نہیں آتے؟ تو اس وقت انھوں نے وضاحت فرمائی کہ ہم کوئی باختیار مخلوق نہیں ہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کے حکم کے بندے ہیں جب ہمیں حکم ملتا ہے حاضر ہو جاتے ہیں اس دیر میں بھی اللہ تعالیٰ کی طرف سے مصلحتیں ہوتی ہیں۔
2۔حدیث میں رب کے حکم سے مراد اس کا اذن ہے جسے کلام سے تعبیر کیا جا سکتا ہے اور یہ کلام باعتبار اصل صفت ذاتیہ ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ ہمیشہ سے متکلم ہے اور ہمیشہ متکلم رہے گا۔ لیکن باعتبار متعلق صفت فعلیہ ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ کا کلام فرمانا اس کی مشیت کے تابع ہے جب چاہے جو چاہے کلامکرے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے۔ ’’وہ جب کسی چیز کا ارادہ کرتاہے تو اتنا ہی کہتا ہے کہ "ہو جا"تو وہ (اسی وقت)ہو جاتی ہے۔‘‘ (یٰس36۔82) اللہ تعالیٰ کا کلام غیر مخلوق ہے البتہ تعلق کے اعتبار سے حادث ہے کیونکہ فرشتوں کو وقتاً فوقتاً ارشادات و احکام صادر ہوتے رہتے ہیں جیسا کہ آیت مبارکہ میں اللہ تعالیٰ جب حضرت جبرئیل علیہ السلام امین کو زمین پر اترنے کا حکم دیتا ہے تو وہ تووہ اتر پڑتے ہیں اور حضرت جبرئیل علیہ السلام کا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف اترنا اللہ تعالیٰ کی طرف سے خیرو برکت کا پیش خیمہ ہوتا ہے یہی وہ فیصلہ ہے جو اللہ تعالیٰ نے حضرات انبیاء اور اہل ایمان کے لیے پہلے سے کیا ہوا ہے واللہ أعلم۔