تشریح:
1۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے اللہ تعالیٰ کی مشیت کے حوالے سے بتایا کہ یہ بیماری تجھے گناہوں سے پاک کر دے گی۔ لیکن اس دیہاتی نے اسے بعید خیال کیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اگر تجھے ہماری بات پر یقین نہیں ہے تو ویسے ہی ہوگا جیسا تو خیال کرتا ہے تیرے متعلق اللہ تعالیٰ کا حکم ضرور پورا ہو کر رہے گا۔‘‘ چنانچہ دوسرے دن شام بھی نہ ہونے پائی تھی کہ وہ دنیا سے چل بسا۔ (المعجم الکبیر للطبراني: 306/7)رقم 7213 وفتح الباري:763/6) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ دنیا میں مصائب و آلام گناہوں کے لیے کفارہ ہیں لیکن یہ سب اللہ تعالیٰ کی مشیت کے تحت ہوتا ہے لہٰذا انسان کو چاہیے کہ انتہائی عاجزی کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے حضور اس کے فضل و کرم کی دعا کرے۔ تمام معاملات اسی کے ہاتھ میں ہیں وہ اپنی مرضی اور مشیت کے مطابق ان میں تصرف کرتا ہے تمام انسان اس کے محتاج اور غلام ہیں۔ اس کے باوجود اللہ تعالیٰ کسی پر ظلم نہیں کرتا۔ واللہ أعلم۔