تشریح:
1۔مذکورہ احادیث مختلف الفاظ سے بیان ہوئی ہے ۔روایت کے آخر میں باآواز بلند تلاوت کرنے کا اضافہ راوی حدیث محمد بن ابراہیم التیمی کا بیان کردہ ہے۔ (فتح الباري: 625/13) حدیث میں بیان کی گئی وعید کا مطلب یہ نہیں کہ ایسا انسان دین سے خارج ہے بلکہ قرآن مجید کو خوبصورت آواز سے نہ پڑھنے والارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے پر نہیں ہے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خوش الحانی اور باآواز بلند قرآن کی تلاوت کیاکرتے تھے۔
2۔امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس حدیث سے ثابت کیا ہے کہ ہمارے منہ سے جو قرآن کے الفاظ نکلتے ہیں وہ غیر مخلوق مگر ہماری زبان کا حرکت کرنا اور ان الفاظ کا ادا کرنا ہمارا فعل ہے اور یہ فعل مخلوق ہے۔ گویا امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے تلاوت اور متلو میں فرق کو واضح کیا ہے کہ قرآنی الفاظ کو خوبصورت انداز سے پڑھنا اورباآواز بلند ادا کرنا یہ ہمارا فعل ہے جو اللہ تعالیٰ کا پیدا کیا ہوا ہے، ہم اس کے خالق نہیں ہیں۔