تشریح:
1۔ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ نماز میں دوران جماعت میں امام کو چاہیے کہ وہ خوش الحانی سے قرآن کریم کی تلاوت کرے اور تجوید کے قواعد کے مطابق اسے پڑھے۔ ہمارے علمائے کرام کو اس طرف خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بلند آواز اور خوش الحانی سے قرآن پڑھتے تھے۔
2۔امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس سے ثابت کیا ہے کہ آواز اور تلاوت بندے کا اپنا فعل ہے جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے پیدا کیا ہوا ہے جبکہ جسے پڑھا جا رہا ہے وہ اللہ تعالیٰ کا کلام غیر مخلوق ہے۔ چونکہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کو خلق قرآن کے حوالے سے سخت آزمائش سے گزرنا پڑتا تھا، اس لیے اس مسئلے کو دلائل وبراہین سے بیان کیا ہے اور ہر دلیل پر عنوان بندی بھی کی ہے جیسا کہ آئندہ ابواب سے ظاہر ہے۔