تشریح:
(1) یہ (حدیث :767) پہلے گزر چکی ہے۔ اس میں وضاحت ہے کہ یہ دورانِ سفر کا واقعہ ہے۔ حافظ ابن حجر ؒ نے لکھا ہے کہ اکثر لوگ یہ سوال کرتے ہیں: آیا رسول اللہ ﷺ نے سورۂ والتین کو نماز عشاء کی پہلی رکعت میں تلاوت کیا تھا یا دوسری رکعت میں؟ یا اسے دونوں رکعات میں پڑھا؟ یعنی دوسری رکعت میں بھی اس کا اعادہ کیا، اگر کوئی دوسری سورت پڑھی تو وہ کون سی تھی؟ مجھے اس کا استحضار نہیں تھا یہاں تک میں نے علامہ ابو علی ابن السکن کی تالیف "کتاب الصحابة" دیکھی۔ اس میں زرعہ بن خلیفہ ؓ کے حالات میں لکھا ہے، وہ کہتے ہیں کہ ہم نے اپنے علاقے یمامہ میں رسول اللہ ﷺ کا تذکرہ سنا تو آپ کے پاس مدینہ منورہ میں حاضر ہوئے۔ آپ نے ہم پر اسلام پیش کیا تو ہم مسلمان ہو گئے۔ اس وقت آپ نے نماز میں ﴿وَالتِّينِ﴾ اور ﴿إِنَّا أَنزَلْنَاهُ فِي لَيْلَةِ الْقَدْرِ﴾ کی تلاوت فرمائی۔ اگر حضرت براء بن عازب ؓ کی تعین کردہ نماز عشاء یہی ہے تو ممکن ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اس نماز کی پہلی رکعت میں ﴿وَالتِّينِ وَالزَّيْتُونِ﴾ اور دوسری رکعت میں سورۂ قدر کی تلاوت فرمائی ہو۔ لیکن حضرت براء بن عازب کی صراحت کے مطابق یہ واقعہ دوران سفر میں پیش آیا جبکہ حضرت زرعہ بن خلیفہ کا واقعہ مدینہ منورہ میں پیش آیا ہے۔ والله أعلم
(2) حافظ ابن حجر ؒ نے اس مقام پر لکھا ہے کہ ہم اس حدیث کی تشریح کتاب التوحید کے آخر میں کریں گے۔ لیکن کتاب سجود القرآن اور کتاب التوحید میں لکھا ہے کہ اس حدیث کی تشریح کتاب الصلاة میں گزرچکی ہے۔(فتح الباري:911/8)