تشریح:
(1) ان احادیث کی اپنے عنوان سے مطابقت ظاہر ہے کیونکہ ان سے ثابت ہوتا ہے کہ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نماز جمعہ کے بعد قیلولہ کیا کرتے تھے اور اول وقت نماز جمعہ کے لیے گھروں سے روانہ ہو جاتے تھے، لفظ تبکیر کے یہی معنی ہیں کہ کسی کام کے لیے جلدی کرنا۔ اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ دوپہر کے وقت سونا پسندیدہ امر ہے، خود اللہ تعالیٰ نے بھی قرآن پاک میں اس کا ذکر فرمایا ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿وَحِينَ تَضَعُونَ ثِيَابَكُم مِّنَ الظَّهِيرَةِ ﴾ ’’اور ظہر کے وقت جب تم (آرام کرنے کے لیے) اپنے کپڑے اتارتے ہو۔‘‘(النور58:24) اس آیت میں قیلولہ کرنے کا بیان ہے۔ (عمدة القاري:131/5)
(2) براعت الاختتام! قیلولے کا حکم تو حدیث انس میں آ چکا تھا لیکن امام بخاری ؒ نے حدیث سہل ؓ بیان کی ہے اور اس کے آخر میں (ثم تكون القائلة) کے الفاظ سے براعت الاختتام کی طرف اشارہ فرمایا ہے۔ امام بخاری ؒ کی عادت ہے کہ کتاب کے اختتام پر ایسا لفظ بیان کرتے ہیں جس سے آخرت اور موت کی یاد دہانی ہو، چنانچہ مشہور ہے کہ نیند، موت کی بہن ہے، اس طرح امام بخاری ؒ نے موت کے لیے تیار رہنے کی تنبیہ فرمائی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں دنیا و آخرت میں سرخ رو کرے اور ہمارا خاتمہ ایمان پر فرمائے۔ آمین