تشریح:
(1) بعض حضرات کا خیال ہے کہ شدت جنگ کے وقت جب اطمینان و سکون میسر نہ ہو تو نماز کو مؤخر کر دیا جائے۔ امام بخاری ؒ نے اس موقف کی تردید میں یہ عنوان قائم کیا ہے کہ ایسے حالات میں نماز کو مؤخر کر دینا ضروری نہیں بلکہ اطمینان و سکون میسر نہیں ہے تو بھی اسے اول وقت پڑھا جا سکتا ہے۔ (عمدة القاري:149/5) اگر عنوان کا آغاز لفظ تکبیر سے ہے تو امام بخاری ؒ کا مقصد یہ ہے کہ ہر ہولناک اور پریشان کن کام کے شروع میں اللہ أکبر کہنا ’’ذکر مسنون‘‘ ہے جیسا کہ جہاد کے موقع پر نعرۂ تکبیر بلند کرنا مجاہدین کی ایک شناختی علامت ہے۔ (فتح الباري:588/2)
(2) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ دشمن پر چڑھائی کرتے وقت الله أكبر کہنا درست ہے لیکن دینی اجتماعات کے موقع پر تقاریر کے دوران میں نعرۂ تکبیر لگانا محتاج دلیل ہے۔ واللہ أعلم۔