تشریح:
(1) زم زم مبارک پانی ہے جو دنیا کے ہر پانی سے مختلف ہے۔ خوراک کا فائدہ بھی دیتا ہے اور شفا کا بھی، بلکہ جس نیت کے ساتھ جس مقصد کے لیے بھی پیا جائے، کفایت کرتا ہے۔ (سنن ابن ماجه، المناسك، حدیث: ۳۰۶۲، ومسند أحمد: ۳/ ۳۵۷، ۳۷۲) لہٰذا اسے تبرک سمجھ کر پینا مسنون ہے، بلکہ واپس آتے ہوئے گھروں کو لانا بھی مسنون ہے جیسا کہ حضرت عائشہؓ سے مرفوعاً منقول ہے۔ دیکھیے: (جامع الترمذي، الحج، حدیث: ۹۶۳)۔
(2) بعض کا قول ہے کہ آپ کا کھڑے ہو کر پانی پینا تو مجبوراً تھا کہ نیچے کیچڑ تھا، بیٹھنا ممکن نہیں تھا ورنہ کپڑے خراب ہوتے، لہٰذا اگر ایسی صورت حال ہو کہ بیٹھنے کی مناسب جگہ نہ ہو تو کھڑے ہو کر کھایا پیا جا سکتا ہے۔ بعض کا موقف ہے کہ کھڑے ہو کر پینا جائز ہے اور آپ کا مذکورہ عمل بیانِ جواز کے لیے تھا، اس کے علاوہ دیگر احادیث میں کھڑے ہو کر پینے سے آپ نے سختی سے منع فرمایا ہے۔ تو حافظ ابن حجر اور دیگر ائمہ کے نزدیک ان احادیث میں مذکور نہی تنزیہ کے لیے ہے، یعنی بہتر یہ ہے کہ کھڑے ہو کر پانی نہ پیا جائے۔ اور اگر پی بھی لیا جائے تو اس میں مطلقاً حرج والی بات نہیں ہے۔ یہی موقف دلائل کی رو سے مضبوط معلوم ہوتا ہے۔ واللہ أعلم۔ دیکھیے: (فتح الباري: ۱۰/ ۱۰۴، ۱۰۵)