تشریح:
(1) ”حتیٰ کہ“ یعنی کسی کے کلمہ طیبہ پڑھ لینے کے بعد اس سے لڑائی جائز نہیں۔ ہم ظاہر کو دیکھیں گے۔ باقی رہا کہ وہ کس نیت سے کلمہ پڑھ رہا ہے تو یہ حساب اللہ کے ذمے ہے۔ ہمیں اس میں پڑنے کی ضرورت نہیں۔ اللہ تعالیٰ کے کام اس کے لیے ہی چھو ڑ دیے جائیں۔ دخل اندازی مناسب نہیں۔
(2) ”کسی کا حق“ اسلام کسی سابقہ حق کو ختم نہیں کرتا بلکہ اس کی مزید تاکید کرتا ہے۔ اسلام لانے سے سابقہ حقوق اللہ تو معاف ہوجاتے ہیں مگر حقوق العباد کی ادائیگی لازم رہتی ہے۔
(3) اس حدیث کا یہ مطلب نہیں کہ جب تک کوئی شخص مسلمان نہ ہو، اس سے لڑائی جاری رکھی جائے یا اسے قتل کردیا جائے اور اس کا مال لوٹ لیا جائے، کیونکہ یہ مفہوم رسول اللہﷺ کی تیئیس سالہ زندگی نبوت کے طرز عمل کے بالکل خلاف ہے۔ اسلامی مملکت میں ذمیوں کا وجود متفقہ چیز ہے۔ رسول اللہﷺ کے دور میں بھی اور اس کے بعد کے ادوار میں بھی۔ اس کا انکار ممکن نہیں، لہٰذا اس حدیث سے مراد وہ لوگ ہیں جو مسلمانوں سے لڑائی شروع کریں۔ پھر انہیں اللہ تعالیٰ ہدایت دے دے او ر وہ کلمہ اسلام پڑھ لیں۔