تشریح:
(1) یہ مخالفت سند اور متن دونوں میں موجود ہے۔ متن میں مخالفت تو واضح ہے‘ سند میں مخالفت یہ ہے کہ معمر نے عن الحسن مولیٰ بنی نوفل کہا ہے جو کہ وہم ہے۔ صحیح ابو الحسن مولیٰ بنی نوفل ہے جیسا کہ علی بن مبارک کی سابقہ راویت میں ہے۔
(2) مذکورہ وہم کی نسبت معمر کی طرف کرنا محل نظر ہے۔ امام مزی رحمہ اللہ تحفۃ الاشراف میں لکھتے ہیں: ”اس وہم کی نسبت معمر یا ان کے شاگرد عبدالرزاق کی طرف کرنا محل نظر ہے کیونکہ امام احمد بن حنبل اور محمد بن عبدالملک بن زنجویہ اور دیگر کئی لوگ اس راویت کو عن عبدالرزاق عن معمر کی سند سے بیان کرتے ہیں لیکن ان تمام نے عن ابی الحسن ہی کہا ہے۔ (جو کہ صحیح ہے صرف نسائی میں عن الحسن ہے‘ لہٰذا یہ سہو یا توخود امام نسائی رحمہ اللہ کو لگا ہے یا ان کے استاد محمد بن رافع کو۔) واللہ أعلم۔ دیکھیے: (تحفة الأشراف بمعرفة الاأطراف: ۵/۲۷۴) یعنی معمر کی راویت بھی علی بن مبارک کی طرح عن ابی الحسن ہی ہے۔ معمر نے علی بن مبارک کی مخالفت نہیں کی اور مصنف رحمہ اللہ کا ان کے وہم کی طرف اشارہ درست نہیں بلکہ وہم کسی اور کو لگا ہے‘ امام نسائی رحمہ اللہ کو یا ان کے استاد محمد بن رافع کو۔ تفصیل کے لیے دیکھیے: (ذخیرة العقبیٰ شرح سنن النسائي: ۲۸/۳۳۷،۳۳۸)
(3) آزاد مرد کو تین طلاقوں کا اختیار ہے مگر غلام کو دو طلاقوں کا۔ راوئ حدیث کا حق بھی حاصل ہوگیا‘ لہٰذا وہ رجوع کرسکتے تھے۔ اور اگر عدت گزر چکی ہو تو وہ نیا نکاح بھی کرسکتے ہیں۔ ممکن ہے انہوں نے دو طلاقیں اکٹھی دی ہوں۔ اس صورت میں وہ ایک کے قائم مقام تھیں اور انہیں رجوع کا حق حاصل تھا۔ پھر معنیٰ ہوں گے‘ ”اگر تو اس سے رجوع کرے تو وہ تیرے پاس آجائے گی اور اسے ایک طلاق پڑ گئی۔“ واللہ أعلم۔ ویسے یہ اور اگلی دونوں روایات ضعیف ہیں۔