تشریح:
(1) پچھلی روایت میں ذکر تھا کہ ”ان کی جان اچانک نکل گئی۔“ اس کا یہ مطلب نہیں کہ انہیں بالکل بات چیت کا موقع نہیں ملا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ زیادہ دیر بیمار نہ رہیں بلکہ تھوڑی دیر ہی میں فوت ہوگئیں‘ ورنہ انہوں نے کچھ بات چیت کی ہے۔ یا ممکن ہے وفات کے قریب ان کی زبان بند ہوگئی ہو اور وہ کلام نہ کرسکی ہوں جیسا کہ بعض احادیث سے معلوم ہوتا ہے۔ اور یہ بات چیت پہلے کی ہو۔
(2) ”ہاں“ معلوم ہوا میت کی طرف سے مالی صدقہ کیا جاسکتا ہے اور میت کو اس کا فائدہ ہوگا۔
(3) مالی صدقے کے بارے میں تو اتفاق ہے کہ میت کی طرف سے صدقہ کیا جاسکتا ہے مگر بدنی عبادات‘ مثلاً: قرا ء ت قرآن، نماز، وغیرہ کے بارے میں اختلاف ہے۔ راجح کی بات یہی ہے کہ یہ میت کی طرف سے ادا نہیں کیے جاسکتے‘ نہ ایصال ثواب کی نیت ہی سے انہیں ادا کرنا جائز ہے‘ البتہ روزے کے بارے میں نبی ﷺ کا فرمان ہے : [مَن ماتَ وعليه صيامٌ صامَ عنه وَليُّه] ”جو شخص فوت ہوگیا اور اس کے ذمے روزے تھے تو اس کا ولی اس کی طرف سے روزے رکھے گا۔“ اسی طرح اگر میت ترکہ چھوڑ گئی ہے اور اس کے ذمے حج تھا یا نذر وغیرہ تو اس کے ورثاء اس کی طرف سے ادا کریں گے۔ ویسے اولاد کے بدنی ومالی ہر نیک کام کا اجر والدین کو ملتا رہتا ہے‘ خواہ وہ نیت کریں یا نہ کریں کیونکہ اولاد والدین کے لیے صدقہ جاریہ ہے۔ واللہ أعلم۔ (تفصیل کے لیے دیکھیے: حدیث: ۳۶۹۶ٌ)