تشریح:
(1) بالوں کو رنگنے کے حوالے سے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں فی زمانہ مختلف بے اعتدالیوں کا شکار ہیں، مثلاً: بالوں وغیرہ کو ڈائی کرانا، یعنی جیسا لباس ویسے ہی بالوں کی رنگت اور اسی طرح آنکھوں میں، ڈائی شدہ بالوں اور لباس کی مناسبت سے لینزوغیرہ لگوانا۔ یہ کام نہ صرف نا جائز ہیں بلکہ اس میں کفار کی عورتوں کے ساتھ مشابہت بھی یقینی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ تغییر لخلق اللہ بھی ہے، یعنی اللہ کی تخلیق کو بدلنا اور اس میں تبدیلی کرنا بھی ہے، لہٰذا اہل اسلام کی یہ شرعی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی بہو، بیٹیوں، اور دیگر متعلقہ خواتین کو اس قبیح کام سے روکیں، انہیں اللہ تعالی، اس کے رسول اللہ ﷺ اور قرآن و حدیث کی صریح مخالفت کرنے سے باز رکھیں اور آخرت کی۔ معاذ اللہ۔ ناکامی ونامرادی کا خوف دلائیں۔ اغیار، یعنی غیر مسلموں، یہودیوں، عیسائیوں اور ہندوؤں وغیرہ کی دیکھا دیکھی، نیز”روشن خیالی“ کے نام پر ہم روز بروز دین سے دور سے دور تر ہوتے جا رہے ہیں اور اپنی اولاد کو جہنم کا ایندھن بنا رہے ہیں اور یہ سب کچھ ٹھنڈے پیٹوں برداشت کررہے ہیں۔ اللہ تعالی ہمیں اس دنیوی و اخروی خسارے سے محفوظ فرمائے۔ آمین۔
(2) سیاہ خضاب کا استعمال حرام ہے، جس کی سزا یہ ہے کہ ایسا انسان جنت کی خوشبو بھی نہیں پا ئے گا۔
(3) مرفوعاً یعنی یہ رسو ل اللہ کا فرمان ہے۔
(4) ”جیسے کبوتروں کے سینے“ کبوتر کا سینہ عموماً سیاہ ہوتا ہے۔ اور مثال عموم کے لحاظ سے ہوتی ہے نہ کہ چند افراد کے لحاظ سے۔
(5) ”خوشبو نہیں پائیں گے“ یعنی جنت میں داخل ہونے کے باوجود یا اولین طور پر جنت میں نہیں جائیں گے بلکہ انہیں سزا بھگتنا ہوگی۔