تشریح:
فوائد و مسائل:
(1) ہندو اور مجوسی آگ کو مقدس سمجھتے ہیں۔ اس لئے ان کے ہاں خوشی اور غمی کی رسموں میں آگ کا استعمال ہوتا ہے۔ ہندو مردے کو دفن کرنے کی بجائے آگ میں جلاتے ہیں میت کے ساتھ آگ لے جانے میں ان غیر مسلموں سے ایک طرح مشابہت ہوتی ہے۔
(2) اس سے قبروں پر چراغ جلانے کی ممانعت بھی ظاہر ہوتی ہے۔ جب جنازے کے ساتھ آگ لے جانا منع ہے تو دفن کے بعد قبر پر آگ رکھنا بالاولیٰ منع ہوگا۔ اس کے علاوہ چراغ جلانے میں مال کا ضیاع ہے جو حرام ہے یہی وجہ ہے کہ رسول اللہﷺ نے قبروں پر چراغ جلانے والوں پر لعنت فرمائی ہے۔ (جامع ترمذي، الصلاۃ، باب ماجاء فی کراھیة أن یتخذ علی القبر مسجدا، حدیث:320) امام ترمذی رحمۃ اللہ علیہ نے اس حدیث کو حسن قرار دیا ہے علامہ احمد محمد شاکر رحمۃ اللہ علیہ نے بھی یہی حکم لگایا ہے۔