تشریح:
فوائد و مسائل:
(1) مذکورہ گناہوں کا تعلق حقوق العباد سے ہے اوریہ بہت بڑاگناہ ہیں۔
(2) عہد شکنی ویسے بھی کبیرہ گناہ ہےاوراسے منافق کی علامتوں میں ذکر کیا گیا ہے اس کے ساتھ جب اللہ کے احترام کوملحوظ نہ رکھنے کا گناہ بھی مل جائے توگناہ اوربھی بڑا ہو جاتا ہے۔
(3) غلام کو آزاد کرنا بہت بڑی نیکی ہے۔ آزاد آدمی کواغوا کرکےغلام بنا لینا اس کے بالکل برعکس عمل ہے اس لیے یہ بہت بڑا گناہ ہے۔
(4) اگر کسی کو اغوا کرکے غلام بنا لیاجائے تو ممکن ہے کبھی مجرم کو اپنی غلطی کا احساس ہو اور اسے آزاد کر دے لیکن جب اسے بیچ دیا گیا تو اب اس کا آزاد ہونا بہت مشکل ہے اس لیے یہ گناہ اور بڑا ہو جاتا ہے۔
(5) کسی سےاجرت پرکام لینا ایک دو طرفہ معاہدہ ہوتا ہے کہ ایک شخص کام کرے گا اوردوسرا اس کے بدلے اسے مقررہ رقم ادا کرے گا۔ کام مکمل ہو جانے کے بعد کارکن کے لیے تومعاہدہ توڑنا ممکن نہیں رہتا البتہ کام لینے والا ظلم کرتےہوئے اس کا حق مار سکتا ہے اس کی مجبوری کی وجہ سے یہ ایک بڑا جرم بن جاتا ہے کیونکہ اس میں ظلم بھی ہے عہد شکنی بھی ہےاورحرام کھانا بھی ہے۔
(6) قیامت کی سزااوررسوائی سےبچنےکےلیے کبیرہ گناہوں سے اجتناب کرنا ضروری ہے۔
(7) اسلام میں عدل وانصاف کو بہت اہمیت حاصل ہے۔ اسلامی معاشرہ وہی ہے جو عدل وانصاف پر کاربند ہو۔
(8) مسلمانوں کو انفرادی اور اجتماعی طور پر عدل وانصاف کا اہتمام کرنا چاہیے تاکہ ان کا معاشرہ اسلامی بن سکے۔