تشریح:
(1) امام بخاری ؒ نے ان روایات سے ثابت کیا ہے کہ سجدۂ سہو کے لیے الگ سے تکبیر تحریمہ کہنے کی ضرورت نہیں، بلکہ سجدے کو جاتے ہوئے ایک دفعہ اللہ أکبر کہنا ہی کافی ہے۔ تکبیر تحریمہ کہنے کے متعلق سنن ابی داود کی ایک روایت بیان کی جاتی ہے جس کے الفاظ یہ ہیں: رسول اللہ ﷺ نے اللہ أکبر کہا، پھر اللہ أکبر کہا اور سجدۂ سہو کیا۔ (سنن أبي داود، الصلاة، حدیث:1011) لیکن امام ابو داود ؒ نے خود ہی اس روایت کے شاذ ہونے کی طرف واضح اشارہ فرمایا ہے کہ ان الفاظ کو حماد بن زید کے علاوہ دوسرے راویوں نے بیان نہیں کیا۔ ہشام بن حسان سے ان کے دوسرے شاگرد جب اس روایت کو بیان کرتے ہیں تو وہ مذکورہ الفاظ ذکر نہیں کرتے۔ (سنن أبي داود، الصلاة، حدیث:1011)
(2) ابن جریج کی متابعت کو امام عبدالرزاق نے اپنی متصل سند سے بیان کیا ہے جس کے الفاظ ہیں کہ رسول اللہ ﷺ ہر سجدۂ سہو میں اللہ أکبر کہتے تھے۔ مسند امام احمد کی روایت بایں الفاظ ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اللہ أکبر کہا، پھر سجدہ کیا۔ اس کے بعد اللہ أکبر کہا اور دوسرا سجدہ کیا۔ اس کے بعد آپ نے سلام پھیر دیا۔ ان تمام روایات میں صرف سجدہ کرتے وقت تکبیر کہنے کا ذکر ہے، تکبیر تحریمہ کا کوئی ذکر نہیں۔ اور جن روایات میں پہلے سجدے سے قبل دو دفعہ اللہ أکبر کہنے کا ذکر ہے وہ محدثین کے معیار صحت پر پوری نہیں اترتیں۔ (فتح الباري:134/3)