تشریح:
(1) غم و الم کی وجہ سے عورتوں کا ترک زینت کرنا سوگ کہلاتا ہے۔ موت کی وجہ سے سوگ کرنا بالاتفاق مشروع ہے۔ پھر یہ سوگ حق زوج کی وجہ سے واجب ہے اور دوسروں کی وفات کی بنا پر جائز ہے۔ حافظ ابن حجر ؒ نے لکھا ہے کہ شدتِ غم و الم کی وجہ سے خاوند کے علاوہ کسی بھی دوسری عزیز و قریبی کے لیے بھی سوگ ہو سکتا ہے۔ شارع ؑ نے اسے جائز قرار دیا ہے، واجب نہیں۔ اور یہ تین دن سے زیادہ جائز نہیں۔ ان دنوں میں اگر خاوند اس سے اپنی خواہش کا اظہار کرے تو اسے پورا کرنا اس کی ذمہ داری ہے، اس سوگ کو بطور آڑ استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
(2) امام بخاری ؒ نے عنوان میں غير زوج کے الفاظ سے اس حقیقت کی طرف اشارہ کیا ہے کہ ضروری نہیں کہ خاوند کے سوا فوت ہونے والا شخص کوئی قریبی رشتہ دار ہو تب ہی سوگ جائز ہے بلکہ کسی اجنبی تعلق دار کی وفات پر بھی سوگ کیا جا سکتا ہے۔ (فتح الباري: 187/3)