تشریح:
(1) سوگ سے متعلقہ دیگر احکام و مسائل کتاب الطلاق میں بیان ہوں گے، لیکن اس مقام پر یہ وضاحت کرنا ضروری ہے کہ اگر خاوند کی وفات کے وقت بیوی حاملہ تھی تو اس کے سوگ کی مدت وضع حمل ہے، خواہ چار ماہ دس دن سے پہلے وضع ہو یا اس کے بعد۔ اس روایت میں حضرت ابو سفیان ؓ کے متعلق ملک شام سے وفات کی خبر آنا وہم پر مبنی ہے، کیونکہ ان کا انتقال بالاتفاق مدینہ منورہ میں ہوا تھا۔ شام میں انتقال کرنے والے حضرت ام حبیبہ ؓ کے برادر عزیز حضرت یزید بن ابی سفیان ؓ تھے، جیسا کہ سنن دارمی اور مسند احمد وغیرہ میں یہ وضاحت موجود ہے۔ (فتح الباري: 188/3)
(2) ان احادیث سے معلوم ہوا کہ صرف بیوی اپنے خاوند کی وفات پر چار ماہ دس دن تک سوگ کر سکتی ہے، اس کے علاوہ کسی بھی میت پر تین دن سے زیادہ سوگ کرنا جائز نہیں۔ بیوی کے خاوند پر اتنا سوگ کرنے کی صورت میں بھی متعدد اسلامی مصلحتیں پیش نظر ہیں جنہیں ہم آئندہ بیان کریں گے۔
(3) حضرت زینب بنت حجش ؓ کے تین بھائی تھے: عبداللہ، عبیداللہ اور ابو احمد۔ حضرت عبداللہ غزوہ اُحد میں شہید ہو گئے تھے، اس وقت حضرت زینب رسول اللہ ﷺ کے نکاح میں نہیں آئی تھیں۔ عبیداللہ نصرانی تھا وہ حبشہ میں عیسائیت پر مرا تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے اس کی وفات کے بعد حضرت زینب سے نکاح کیا تھا، کیونکہ عبیداللہ کی وفات کے وقت حضرت زینب بہت چھوٹی تھیں۔ ابو احمد کی زندگی میں حضرت زینب ؓ نے وفات پائی۔ تو اشکال پیدا ہوتا ہے کہ حضرت زینب نے کس بھائی کی وفات پر سوگ کیا تھا؟ اس کا جواب یہ ہے کہ ام المومنین حضرت زینب بنت حجش ؓ کا ایک اخیافی یا رضاعی بھائی تھا اس کی وفات پر انہوں نے سوگ کیا تھا۔ (فتح الباري: 189/3)