تشریح:
اس حدیث سے امام بخاری ؒ نے ثابت کیا ہے کہ بیٹھے ہوئے انسان کے پاس جب جنازہ آئے تو اسے کھڑے ہو جانا چاہیے جب تک وہ اسے پیچھے نہ چھوڑ دے یا اسے زمین پر رکھ دیا جائے۔ محدثین نے اس کی مختلف وجوہات لکھی ہیں۔ بعض کا خیال ہے کہ موت سے گھبراہٹ کی بنا پر کھڑا ہونا چاہیے، کیونکہ جنازہ دیکھ کر موت یاد آ جاتی ہے۔ بعض نے کہا کہ اس کے ہمراہ فرشتے ہوتے ہیں ان کی تعظیم کے لیے کھڑا ہونا چاہیے، لیکن اس کی علت جو بھی ہو ہمارے نزدیک جنازے کو دیکھ کر کھڑے ہونے کا حکم پہلے تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے آخرکار اس پر عمل درآمد روک دیا تھا، اس کے باوجود بعض صحابہ کرام ؓ سے جنازہ دیکھ کر کھڑے ہونے کا عمل منقول ہے۔ ممکن ہے کہ انہیں اس ترک کی خبر نہ ملی ہو۔ والله أعلم۔